نئی دہلی،8؍اکتوبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کواپنے قیام کے نو سال کے بعد صدر دفتر ملنے کی توقع ہے جس کا افتتاح مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ منگل کو دہلی میں لودھی روڈ پر واقع قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)کا افتتاح کریں گے ۔ وزیر داخلہ نے 10 ستمبر 2015 کو قومی تفتیشی ایجنسی کے صدر دفتر کا سنگ بنیاد رکھاتھا ۔ افتتاحی پروگرام میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ہنس راج گنگ رام اہیر اور کرن رجیجو بھی شامل ہوں گے۔این آئی اے کا یہ دفتر انتظامی مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے گا. مجموعی طور پر اس عمارت کے نو فلور اوردو بیسمنٹ ( تہہ خانے ) ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی کے دفتر کے کمپلیکس کی تعمیر 1,15,056مربع فٹ میں کی گئی ہے ۔ ممبئی حملے کے بعداس ایجنسی کا قیام عمل میں آیا تھا ۔ این آئی اے ایکٹ 2008 کے تحت 31 دسمبر، 2008 کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) قائم کی گئی تھی۔ اس کی تشکیل کا مقصد ملک کے اتحاد، سا لمیت اور امن کو متاثر کرنے والی دہشت گردانہ سرگرمیوں جیسے سنگین مجرمانہ معاملوں کی جانچ کرنا تھا۔واضح ہو کہ 2008 ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے بعد ایک قومی تحقیقاتی ایجنسی کے قیام کے لئے ایک مطالبہ کیا گیا تھا اور مرکزی کی کانگریس حکومت نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں اسے فوری طور پر تشکیل بھی دیا۔قومی تحقیقاتی ادارے کی ملک کے کئی ریاستوں میں شاخیں ہیں۔ ان میں لکھنؤ، حیدرآباد، کوچی، گوہاٹی، ممبئی، کولکاتہ، رائے پور اور جموں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چندی گڑھ، سری نگر، چنئی، بنگلور، وشاکھاپٹنم، احمد آباد، بھروچ، جگدل پور، پٹنہ، سلی گوڑی، مالدہ، رانچی، وجئے واڑہ اور امپھال میں این آئی اے کے کیمپ آفس ہیں۔